Hakeems

Hakeems.pk logo

Why is it important to take long deep breaths? لمبی گہری سانسیں لینا کیوں ضروری ہے؟ صبا الصباح 

لمبی گہری سانسیں لینا کیوں ضروری ہے؟

صبا الصباح

آج کے تیز رفتار دور میں جہاں ہم نے آگے نکلنے کی دوڑ لگائی ہوئی ہے وہاں ہم اپنی اچھی صحت اور اسے برقرار رکھنے سے بھی غافل ہوتے جا رہے ہیں، اس ناکامی کا ملبہ بھی ہم بڑی آسانی سے کسی دوسرے شخص پر ڈال دیتے ہیں کہ فلاں کی وجہ سے مجھے غصہ ملا یا یہ میرے منفی جذبات بار بار سامنے آ رہے ہیں۔

رب کائنات کی نعمتوں کو ہم نے اپنا حق سمجھ رکھا ہے اور جب ہم لمبی گہری سانس لینے کے عمل کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کرنے کا کہتے ہیں تو اکثریت اس میسر قدرتی نعمت یعنی سانس لینے کے عمل کو انتہائی معمولی سمجھ کر بڑی آسانی سے نظرانداز کر دیتی ہے حالاں کہ ٹیکنالوجی کے موجودہ تیز ترین دور میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں ان دستیاب نعمتوں کا شکر گزار ہونے کے ساتھ سانس لینے کے عمل کی اہمیت کو بھی سمجھنا چاہیے۔

جب ہم خود ذہنی اور جسمانی طور پر پرسکون نہیں رہیں گے تو ہم اپنی چار دن کی مختصر زندگی میں مطلوبہ کامیابی والے نتائج کیسے حاصل کریں گے؟ اس محدود دنیا کی زندگی کو بہتر نتائج کے حصول کے لیے سب سے پہلے ہمیں گھبرانا نہیں ہے بلکہ حل تلاش کر کے آسانی کے ساتھ اپنے دماغ اور جسم کو پرسکون رکھنا ہماری ترقی اور کامیابی کے لیے اہم ہے۔

زندگی گل ہے نغمہ ہے مہتاب ہے
زندگی کو فقط امتحاں مت سمجھ

چنانچہ اپنی ترقی اور کامیابی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر زندگی کو فائدہ مند بنانے کے لیے سب سے زیادہ غور طلب چیز یہ ہے کہ ہم اپنے جسم اور پھیپھڑوں کی کیسے اور کتنی اچھی دیکھ بھال کر سکتے ہیں یہاں کچھ بنیادی نکات ملاحظہ کیجیے:

اپنے آپ کو اور اپنے چاہنے والوں کو تمباکو نوشی سے محفوظ رکھیں۔
ان ڈور اور آؤٹ ڈور پھیلی ہوئی آلودگیوں سے دور اور محفوظ رہنے کا انتظام کریں۔
اپنے ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن اور پانی سے دھونے کی عادت ڈالیں۔
صاف ستھری کھانے پینے کی اشیاء کا استعمال کریں۔
نزلہ، زکام اور فلو کے موسم میں ہجوم سے گریز کر کے انفیکشن سے بچاؤ کا انتظام اہم ہے۔

اپنے پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے لئے باقاعدگی کے ساتھ ایروبک ورزش کا معمول اپنائیں۔

سانس لینے کے صحیح طریقے کوسیکھنے پر رانا عامر لیاقت کا شعر یاد آ گیا کہ

ہر سانس نئی سانس ہے ہر دن ہے مرا دن
تقدیر لیے آتی ہے ہر روز نیا دن

سب سے اہم یہ کہ اپنی روزمرہ زندگی میں لمبی گہری سانس لینے کی مشقوں کا اہتمام لازمی رکھنا ہے ، یہ مشق ہمیں ذہنی اور جسمانی سکون دینے میں کافی مدد دیتی ہیں کیوں کہ یہ ہمارے اس اے این ایس کو رضاکارانہ طور پر کنٹرول کرتی ہے جو ہمارے دل کی دھڑکن، سانس لینے اورانہضام کے عمل جیسے جسم کے کاموں کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب اے این ایس معمول کے مطابق کام نہیں کرتی تو یہ دل اور بلڈ پریشر کی بیماریوں، سانس لینے میں پریشانی اور مثانے کا کنٹرول ضائع کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔

لہٰذا اسے کنٹرول رکھ کر ہی ہم بہت سارے فوائد اٹھا سکتے ہیں ۔ یہ دل کی بہت تیز دھڑکن کی شرح کو کم کرتا ہے، بلڈ پریشر کو منظم کر کے ہمیں ذہنی و جسمانی سکون میں لاتا ہے، اس کے ساتھ جب جسم میں تناؤ کے ہارمون کورٹسول خارج ہوتے ہیں تو ان سبھی کو کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ، جب ہم دھیرے دھیرے لمبی گہری سانس لیتے ہیں تو یہ ہمارے دماغ کو سکون اور آرام کرنے کا پیغام بھیجتا ہے ۔

اس کے ساتھ جب ہم دھیرے دھیرے لمبی گہری سانس لیتے ہیں تو یہ ہمارے پیٹ کے پٹھوں پر دباؤ ڈالتے جس سے ہمیں نہ صرف ایک تازگی اور سکون کا احساس ملتا ہے بلکہ یہ پیٹ کی چربی کو پگھلانے میں مدد بھی دیتا ہے، اس مشق کو کرنے سے ہم نہ صرف اپنے پیٹ کے گرد موجود ناپسندیدہ چربی سے چھٹکارا پاتے ہیں بلکہ اپنے گالوں اور ٹھوڑی کو بھی ٹون کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

میں اپنی پریکٹس، آن لائن کلائنٹس اور اسٹوڈنٹس کی کارکردگی اور ان سے بہترین نتائج کے حصول کے لیے اپنی کوچنگ میں ناک سے لمبی گہری سانس لینے اور منہ سے دھیرے دھیرے چھوڑنے کے عمل کو ایک نشست میں چھ سے دس بار اور اس کے ساتھ ساتھ اس مشق کے درمیان سانس کو چار سیکنڈ سے بیس سیکنڈ تک روکنے کی مشق ضرور شامل رکھتی ہوں تاکہ قدرتی طور پر انسان کی قوت برداشت اور قوت مدافعت کو بڑھا کر کنٹرول میں لایا جا سکے۔

آہستہ آہستہ لمبی گہری سانس لینا جہاں پریشانیوں کو کنٹرول رکھتا ہے وہیں ان تمام طالب علموں اور افراد کے لیے بھی انتہائی فائدے کا سبب بنتا ہے جن کو اپنے کسی اہم کام پر توجہ مرکوز کرنے میں ناکامی یا دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہوتا ہے ، کیوں کہ جب ہم اس بات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں کہ یہ ہوا ہمارے ناک کے راستے سے پھیپھڑوں کے ذریعہ ہمارے جسم میں کس طرح سے داخل ہو رہی ہے اور اسی طرح سے واپس منہ سے باہر آ رہی تو یہ ایک پرسکون مراقبہ کی شکل بن کر ہماری توجہ مرکوز رکھنے کی بہترین مشق بن کر ہماری زندگی میں موجود مختلف پیچیدہ مسائل سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *